سری نگر:جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں ٹریفک پولیس کی مہم جاری ہے اور یومیہ دو سے تین سو موٹر سائیکل اور سکوٹیز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ایس ایس پی ٹریفک کے مطابق انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر فی الحال مہم جاری رہے گی۔اطلاعات کے مطابق سری نگر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاون جاری ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سری نگر میں یومیہ دو سے تین سو موٹرسائیکل اور سکوٹیز کو تحویل میں لے کر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔جمعرات کو سری نگر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس نے ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کاٹے۔
ایس ایس پی سری نگر مظفر احمد نے اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ فی الحال خاطیوں کے خلاف مہم جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر کارروائی عمل میں لانا ناگزیر بن گیا تھا۔انہوں نے موٹر سائیکل چلانے والوں سے مودبانہ اپیل کی کہ وہ لائسنس کے ساتھ ساتھ ہیلمٹ بھی پہنیں ۔ایس ایس پی نے کہاکہ کرتب بازی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔