اتوار, دسمبر ۸, ۲۰۲۴
3.2 C
Srinagar

گزشتہ دس برسوں کے دوران ہیلتھ اور تعلیمی شعبے مفلوج ہوکر رہ گئے : وزیر صحت

سری نگر:جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر اور کابینہ وزیر برائے ہیلتھ ، ایجوکیشن اور سوشل ویلفیئر سکینہ ایتو نے آثار شریف درگاہ حضربل پر حاضری دی اور عالم اسلام کی سربلندی، فتح نصرت، کامیابی اور کامرانی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کی خوشحالی، امن اور سکون کیلئے بھی دعا کی۔ انہوں نے اس موقعے پر مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی طرف سے اس درگاہ کی تعمیر اور مسلم اوقاف ٹرسٹ کے قیام جیسے اقدامات کو اُجاگر کیا۔
اُن کے ہمراہ ایم ایل اے حضربل سلمان علی ساگر کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر، ڈائریکٹر ایجوکیشن، جی ایم سی پرنسپل اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی تھے۔ بعد میں وزیرِ موصوف نے اربن پرائمری ہیلتھ سینٹر (UPHC) حضرتبل بلاک کا معائینہ کیا اور وزیر زیر علاج مریضوں سے بات کرتے ہوئے طبی اور علاج و معالجہ کی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
اس موقعے پر سکینہ ایتو نے وہاں پر موجود معزز شہریوں، اعلیٰ حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندہ سرکار، جس کی قیادت عمر عبداللہ کررہے ہیں، نے عوام کے ساتھ اپنے منشور میں جو وعدے کئے ہیں اُن کو پورا کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے تاکہ لوگوں کو ہر سطح پر راحت پہنچائی جائے۔
انہوں نے کہاکہ ہیلتھ اور ایجوکیشن شعبے گذشتہ10سال سے مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں اور ان میں آہستہ آہستہ سدھار لانا ہماری ذمہ داری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ گذشتہ10سے یہاں کے عوام جن مصائب اور مشکلات کا سامناکیا ہے عمر عبداللہ کی حکومت ان کا سدباب کرانے کیلئے دن رات کام کررہی ہے۔
وزیر موصوف نے اس موقعے پر لوگوں کے مسائل و مشکلات بھی سُنے اور مقامی ایم ایل اے نے بھی اپنے خطاب میں لوگوں کے مطالبوں اور حلقہ انتخاب کی آبادی کو درپیش مسائل اُجاگر کئے۔ سکینہ ایتو نے موقعے پر ہی متعلقہ حکام کو تمام مسائل کا سدباب کرانے کی فوری ہدایت کی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img