نئی دہلی: اڈانی گروپ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں جمعرات کو بھی اپوزیشن ارکان کا ہنگامہ جاری رہا اور ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔
پہلے التوا کے بعد جب چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے وقفہ سوال کے لیے ایوان کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی تو کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اپنی نشستوں سے آگے کھڑے ہوگئے اور اونچی آواز میں بولنے لگے۔ اس پر مسٹر دھنکھڑ نے کچھ بھی ریکارڈ پر نہ لینے کی ہدایت دی۔
ارکان سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے مسٹردھنکھڑ نے کہا کہ یہ سینئرز کا ایوان ہے اور 140 کروڑ عوام کی امنگوں کو پورا کرنا اس ایوان کے ارکان کا فرض ہے۔ اراکین کو یہ فرض ضرور پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مثبت بات چیت کی جگہ ہے۔ انہوں نے ارکان سے وقفہ سوال کو چلانے میں تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے۔ تاہم نعرے بازی کرنے والے اپوزیشن ارکان پر اس اپیل کا کوئی اثر نہیں ہوا، چنانچہ چیئرمین نے ایوان کی کارروائی 12 بج کر 5 منٹ پردن بھر کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
اس سے قبل بھی وقفہ صفر کے دوران اپوزیشن ارکان نے جے پی سی کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا تھا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی تھی۔ ایوان میں جاری ہنگامہ آرائی کے باعث آج بھی وقفہ صفرمیں خلل پڑا اور وقفہ سوال نہیں ہوسکا۔