بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
2.9 C
Srinagar

فرائض میں غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: نائب وزیر اعلیٰ

جموں،: سرکاری دفاتر میں غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ اپنے فرائض میں غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے دورے کے دوران قریب70 فیصد ملازموں کو غیر حاضر پایا۔

موصوف نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں چیف انجینئر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کا اچانک دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جب میں نے آج یہاں پانامہ چوک میں چیف انجینئر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کا دورہ کیا تو میں حیران ہوا کہ وہاں ملازم ہی موجود نہیں تھے جو سینئر افسر ہیں وہ بھی موجود نہیں تھے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس دفتر میں 70 فیصد ملازم موجود نہیں تھے’۔مسٹر چودھری نے کہا: ‘ہم عوام کے نمائندے ہیں اور ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے پہلے کی حکمرانی ختم ہو چکی ہے اور اب عوام کی حکمرانی ہے جمہوریت کی حکمرانی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ احتساب اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے مختلف سرکاری محکموں میں اس طرح کے اچانک دورے کئے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا: ‘ایسا لگتا ہے ہمیں ہر سرکاری دفتر میں جانا ہوگا’۔

نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم غریبوں کے پیسوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا: ‘وزیر اعلیٰ عمر صاحب کی بھی ہدایات ہیں کہ ہم لوگوں تک پہنچیں اور جو بھی سہولیات ہیں ان کی فراہمی کو یقینی بنائیں’۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img