بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
4.3 C
Srinagar

جموں میں زائد از 50 مقامات پر چھاپوں کے دوران متعدد ملی ٹینٹ معاونین اور مشتبہ افراد گرفتار، قابل اعتراض مواد ضبط :پولیس

جموں: جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں پولیس نے ملی ٹینٹ معاونین کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جس دوران متعدد بالائی ورکروں کو دھر دبوچا گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ راجوری ، پونچھ، ادھم پور اور ریاسی میں 50مقامات پر کریک ڈاون کے دوران اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد کو برآمد کرکے ضبط کیاگیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں صوبے میں سرگرم ملی ٹینٹ معاونین اور دیگر مشتبہ افراد کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا جس دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چھاپہ ماری دہشت گرد تنظیموں کی مدد و اعانت بشمول لاجسٹک سپورٹ، بھرتی ، اسلحہ وگولہ بارود پہنچانا اور رقوم کی فراہمی میں سہولیات کاری فراہم کرنے والوں کی شناخت کرکے انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیلنا مقصود تھا۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ  راجوری ضلع میں درہال، تھانہ منڈی، کالاکوٹ، منجاکوٹ اور درمشالہ میں نو مقامات پر ڈالے گئے، پونچھ ضلع میں سرنکوٹ، منڈی ، مینڈھر اور گرسائی کے 12مقامات پر سرچ آپریشن چلایا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چھاپہ ماری تھانہ منڈی اور راجوری پولیس اسٹیشن میں درج دو کیسوں کے سلسلے میں ڈالے گئے۔

انہوں نے کہاکہ یہ مقدمات سرحدی ضلع میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں بشمول، جیش، لشکر طیبہ جیسی کالعدم تنظیموں سے منسلک ہیں جو دہشت گردی کو منظم کرنے اور تخریبی سرگرمیوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر بالائی ورکروں کو فعال کرنے کی سعی کر رہے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق ادھم پور ضلع میں 25مقامات جن میں بسنت گڑھ، رائے چیک، چکا ، کاڑواہ ، مورا، کنڈ ، کھینڈ، لودھرا اور ریاسی ضلع میں پونی، گلاب گڑھ، ارناس، پناسہ، اور مورا چسانہ میں درجہ ایف آئی آر زیر نمبر 27/24کے سلسلے میں ڈالے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپہ ماری کے دوران متعدد ملی ٹینٹ معاونین اور مشتبہ ملی ٹینٹوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے قابل اعتراض مواد بشمول، الیکٹرانک آلات، اہم کاغذات، نقدی کے ساتھ ساتھ اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد  کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ چھاپہ ماری کے دوران بے گناہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے اس حوالے سے احتیاط سے کام لیا گیا ۔

دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران ضبط کئے گئے مواد اور معلومات کی بنیاد پر تحقیقات جاری رہے گی۔

پولیس آفیسر نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی مشکوک سرگرمی یا مشتبہ افراد کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو جانکاری فراہم کریں۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جموں وکشمیر پولیس انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img