ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
17.5 C
Srinagar

لیفٹیننٹ گورنر کا اوڑی دورہ، سیکورٹی صورتحال کا لیا جائزہ

سری نگر:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعے کی صبح اوڑی کا ہنگامی دورہ کر کے علاقے میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ دورہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بڑھتی ہوئی کشیدگی، سیزفائر کی خلاف ورزیوں اور مقامی آبادی کے انخلا کے تناظر میں کیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، ایل جی سنہا نے اعلیٰ فوجی افسران، پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں حالیہ فائرنگ، گولہ باری، اور پاکستان کی جانب سے اشتعال انگیزی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں حفاظتی اقدامات، شہریوں کی حفاظت، اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اوڑی اور اس کے مضافاتی دیہات میں گزشتہ رات شدید شیلنگ کے بعد مقامی لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی تھی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں خاندان محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو گئے۔ گولہ باری کے دوران کچھ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے دورے کے دوران متاثرہ شہریوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا:’ہماری اولین ترجیح شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ تمام متعلقہ ایجنسیاں چوبیس گھنٹے متحرک ہیں، اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ لوگ محفوظ رہیں اور انہیں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

ایل جی سنہا نے فوج، بی ایس ایف، اور مقامی پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائیوں سے ایک بڑے سانحے کو روکا جا سکا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی مراکز قائم کریں اور ہر ممکن امداد فراہم کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img