نیوزڈیسک
سرینگر/ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں جامع مسجد میں دوبارہ سروے کے دوران ہونے والی جھڑپوں بے گناہ اور معصوم 3نوجوانوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یو پی حکومت کے اقدامات کو مسلم کُش قرار دیاہے۔ ایک تحریری بیان کے مطابق پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ یہ واقعہ بہت سنگین ہے اور جان بوجھ کر مسلمانوں کا تہیہ تیغ کرنے کے بہانے ڈھونڈے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک بار جامع مسجد کا سروے ہو چکا تھا تو اتنی عجلت میں نئے سرے سے سروے کرانے کا کیا مقصد تھا وہ بھی دوسرے فریق کی بات سنے بغیر؟انہوںنے کہا کہ یو پی میں مسلمانوں کیخلاف اس طرح کے اقدامات کوئی نئی بات نہیں ہے، یو پی میں وقفے وقفے سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہاہے۔
ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایسے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مرکزی حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ ایسے اقدامات پر فوری طور پر روک لگائی جائے جو ملک کی سالمیت اور بھائی چارے کیلئے خطرہ کا باعث بن سکتے ہیں۔