جموں: جموں وکشمیر کے ریاسی ضلع کے کٹرا میں روپ وے کی تعمیر کو لے کر مقامی لوگوں کا احتجاج جار ی ہے جبکہ اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراو بھی کیا۔
اطلاعات کے مطابق ماتا ویشنو دیوی گنڈولہ پروجیکٹ کی تعمیر کے خلاف پیر کے روز کٹرا میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
معلوم ہوا ہے کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراو کیا جبکہ دو پولیس اہلکار لوگوں کے ہتھے بھی چڑھ گئے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر کٹرا میں اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
اس سے قبل مظاہرین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت روپ وے پروجیکٹ کی تعمیر کا کام شروع کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گنڈولہ کی تعمیر سے دکانداروں اور ریڈیاں لگانے والوں کا کام کاج ٹھپ ہو کررہ جائے گا۔مظاہرین نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت نے ماتا ویشنو دیوی یاتریوں کی سہولیت کے لئے 250کروڑ روپیہ لاگت سے روپ وے پروجیکٹ کی تعمیرکو ہری جھنڈی دکھائی ہے۔
یواین آئی