سری نگر،: ڈائریکٹر آرکیالوجی اینڈ میوزیم جموں وکشمیر کلدیپ کرشن سدھا کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کی وراثت کی ہم آہنگی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی وراثت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔موصوف ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں ٹائیگور ہال میں ورلڈ ہیریٹیج ویک کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں سے بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ہم نے یہاں 19 نومبر سے 25 نومبر تک ورلڈ ہیریٹیج ہفتہ منایا اور مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ اس ہفتے کو منانے کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں اور دیگر تمام محکموں نے بھر پور تعاون فراہم کیا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس دوران ہم نے مختلف قسموں کے پروگراموں کا اہتمام کیا جن میں اسکول بچوں نے بھی شرکت کی اور اس کے عالوہ ہم نے ہیریٹج والکس کئے، ہم عمر رسیدہ، افراد اور جسمانی طور معذور افراد کے پاس بھی گئے اور مخصوص نمائشوں کا بھی اہتمام کیا تھا’۔
موصوف ڈائریکٹر نے کہا: ‘جموں وکشمیر کے لوگوں کو اپنے تہذیب، تمدن، زبان، اٹھنے بیٹھنے پر فخر ہونا چاہئے’۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی وراثت کی ہم آہنگی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی وراثت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو میوزیم کو دیکھنے کے لئے ضرور جائیں۔