سری نگر: صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے جمعہ کو کہا ہے کہ سڑک حادثات پر قابو پانے اور سیکیورٹی کو بڑھانے کے لیے کشمیر شاہراہ پر مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ٹینگ پورہ بائی پاس روڈ حادثے نے انتظامیہ کو روڈ سیفٹی کے لیے زیادہ فعال انداز اپنانے پر مجبور کیا ہے۔
ان کا کہناتھا ”یہ کیمرے نہ صرف سڑک کی حفاظت کے لیے بلکہ سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے بھی اہم ہیں۔“ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ غیر فعال کیمروں کی مرمت اور نگرانی باقاعدگی سے کی جائے۔
صوبائی کمشنر نے سڑک حادثات سے نمٹنے کے لیے مزید جامع نقطہ نظر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا،’ہمیں امن و امان سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے،یہ ایک جذباتی اور حساس مسئلہ ہے۔ہمیں ایسے سانحات کو روکنے کے لیے اخلاقی تعلیم د ینی چاہیے۔‘
بدھوری نے مسافروں کو یقین دلایا کہ انہیں غیر ضروری ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ’درست دستاویزات اور لائسنس رکھنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔تاہمقانون سب پر یکساں لاگو ہوتا ہے۔‘صوبائی کمشنر محکمہ آثار قدیمہ کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔