سری نگر: سری نگر پولیس نے راجباغ اور صورہ سرینگر میں چھاپہ مار کارروائیاں عمل میںلاکر ایک غیر مقامی باشندے سمیت تین منشیات فروشوں کو بھاری مقدار میں ہیروئن اور براون شوگر کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تازہ ترین گرفتاریاں سرینگر کے صورہ اور راج باغ کے علاقوں میں کی گئیں، جہاں پولیس نے دو گاڑیوں کو روک کر 4.92 گرام ہیروئن، 4 گرام براو¿ن شوگر، اور 6,930 روپے نقد برآمد کیے،جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی ہے۔
ان میں سے ایک ملزم سریندر پال سینی، جو پنجاب سے تعلق رکھتا ہے، کی شناخت ایک بدنام منشیات فروش کے طور پر ہوئی ہے جو سری نگر میں نوجوانوں کو منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھا۔ سینی پنجاب رجسٹریشن نمبرPB53AM-7939) ) گاڑی چلا رہا تھا جب اسے پولیس نے 90 فٹ روڈ صورہ سرینگرپر روکا۔
ایک اور واقعے میں پولیس نے راجباغ کے علاقے میں ایک اسکارپیو گاڑی زیر نمبر (JK01AV/8300)کو روکا اور دو افراد ریاض چنا اور حمزہ خان کو گرفتار کیا، جو کہ حبہ کدل اور راولپورہ کے رہائشی ہیں۔گاڑی کی تلاشی لینے پر 4 گرام براون شوگر اور ایک ڈیجیٹل کانڈا برآمد ہوا۔
یہ گرفتاریاں دہلی کے دو منشیات سپلائی کرنے والوں لو کمار اور وپن کمار کی حالیہ حراست کے بعد کی گئی ہیں، جن کی تحویل سے سری نگر کے ٹینگ پورہ بائی پاس علاقے میں 2.4 کلو گرام سے زیادہ ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔سری نگر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق کسی بھی سرگرمی یا جرائم کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا 112 پر ڈائل کرکے دے سکتے ہیں۔