نیوزڈیسک
سرینگر: صوبائی کمشنر کشمیر ،وجے کماربدھوری نے منگل کے روز کہا کہ صوبائی انتظامیہ نے ہر طرح کے موسمی چیلنجز سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کی ہیں جبکہ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قیمتوں کار اور بائیکز کی بجائے پیار ومحبت دیں ،تاکہ ٹینگ پورہ سرینگر جیسے حادثات سے بچا جاسکے ۔
سرینگر میں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر ،وجے کماربدھوری نے کہا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال موسم سرما کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہر طرح کی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ کو بھی اس ضمن میں بریفنگ دی گئی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ بجلی ،پانی کی سپلائی کیساتھ ساتھ رابطہ سڑکوں کی بحالی اور صحت سہولیات کی فراہمی کے علاوہ فورڈ سپلائی کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ ’اگر خدا نا خواستہ کسی بھی وجہ سے قومی شاہراہ سات روز بھی بند رہتی ہے ،انتظامیہ نے اس قدر تیاریاں کی ہیں ،لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑسکتا ہے ‘ ۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑکوں کے حوالے سے بنیادی ڈھانچے کو اس قدر وسعت دی گئی ہے کہ ایسی نوبت نہیں آئے گی ۔ان کا کہناتھا کہ گزشتہ دو مرتبہ ہوئی برفباری کے دوران رابطہ سڑکوں کو فوری طورپر بحال کردیا گیا ۔صنعت نگر فلائی اوور کی تکمیل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے لئے مارچ ۔اپریل کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے اور موسمی حالات نے ساتھ دیا تو یہ پروجیکٹ نوگام اور بمنہ پلوں کی طرح ہی اپنے وقت پر مکمل کیا جائے گا ۔جبکہ سیمنٹ کدل کے پروجیکٹ کو بھی اپنی مدت کے دوران پائیہ تکمیل کو پہنچا یا جائے گا ۔
اس دوران صوبائی کمشنر کشمیر ،وجے کماربدھوری نے ٹینگ پورہ سرینگر کے المناک سڑک حادثے کا ایک مرتبہ پھر ذکر کرتے ہوئے کہا ’بچے ہمارا مستقبل ہیں ،ان پر دھیان رکھنے کی ضرورت ہے ،والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں پیار دیں ،محبت دیں لیکن اس طرح کی گاڑی یا سکوٹی نہ دیں،تو بہتر ہوگا ۔‘
ان کا کہناتھا ’ کم عمر ڈرائیونگ کے خلاف ٹریفک پولیس نے ایک ایکشن پلان مرتب کیا ہے ،جس پر سنجیدگی سے عمل در آمد کیا جارہا ہے جبکہ کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے ۔‘