بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
4.5 C
Srinagar

سٹیانو رونالڈو کا ناقابل یقین ’فلیش بیک‘ گول

پرتگال کے لیجنڈ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نہ صرف 39 سال کی عمر میں پروفیشنل فٹبا مقابلوں میں کھیل رہے ہیں بلکہ آئے دن اپنے مداحوں اور حریفوں دونوں کو حیران کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر رونالڈو کا ٹرینڈ کرنا نئی بات نہیں ہے لیکن فٹبال سے لگاؤ کی وجہ سے کوئی بھی شخص اسے کلک کرکے دیکھنے سے خود کو نہیں روک سکتا اور جب بات رونالڈو کی ہو تو آپ اپنی لالچ کو نہیں دبا سکتے۔

آج بہت سے شائقین کو یہ ٹرینڈ دیکھنے پر پتہ چلا کہ 39 سال کی عمر میں رونالڈو نے ایک بار پھر ایسا گول کیا جو کسی بھی کھلاڑی کے لیے ڈریم گول ہو۔ یہ ایک ایسا گول ہے جو 19 سال کی عین شباب میں بھی لگانا خواب جیسا ہے۔

در اصل کرسٹیانو رونالڈو نے گذشتہ روز جمعے کو پورٹیو میں یو ای ایف اے نیشنز لیگ 2024-25 کے گروپ مرحلے کے میچ میں پولینڈ کے خلاف اوور ہیڈ کِک یا سائیکل کِک کے ذریعے گول کر کے اپنے انفرادی گولز کی تعداد میں ایک اور گول کا اضافہ کیا۔

انھوں نے اپنے کریئر میں اب تک 910 گول کیے ہیں جو کہ پہلے سے ہی عالمی ریکارڈ ہے اور وہ ہزار گول کرنے سے صرف 90 گول پیچھے ہیں جس کے متعلق ان کے پرستار پوچھ رہے ہیں کہ کیا وہ ہزار گول کر پائيں گے۔

لوگ ہزار گول کی اس لیے بھی بات کر رہے ہیں کیونکہ رونالڈو نے گذشتہ دنوں خود ہی یہ بظاہر ناقابل حصول ہدف اپنے لیے طے کیا تھا۔

پولینڈ کے خلاف میچ کے 87 ویں منٹ میں رونالڈو نے ساتھی کھلاڑی وِٹِنہا کی طرف سے ملنے والے کراس کو جو کے سر کے اوپر تھا اسے جس انداز میں ہوا میں قلابازی کھاتے ہوئے سائیکل کِک کیا وہ ایک زمانے تک یاد کیا جائے گا۔

چنانچہ اس گول کی کلپ کو یو ای ایف اے کے سوشل میڈیا ہینڈل سے پیش کیا گیا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سب سے زیادہ جیت کا ریکارڈ

ان کا یہ حالیہ گول دیکھ کر کئی شائقین کو لگتا ہے جیسے یہ منظر ان کے لیے نیا نہیں ہے۔

سپورٹس کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ان کا سنہ 18-2017 کے یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جووینٹس کے خلاف ریال میڈرڈ کے لیے کیے جانے والے ان کے گول کا فلیش بیک تھا۔

ان کی ٹیم نے ایک کے مقابلے پانچ گول سے اس میچ میں کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ انھوں نے سپین کے کھلاڑی سرجیو راموس کا سب سے زیادہ میچ جیتنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اور اب راموس کے 131 جیت کے مقابلے میں رونالڈو کے پاس 132 جیت ہے۔

بہر حال یہ اس میچ میں رونالڈو کا دوسرا گول تھا۔ اس سے قبل 72ویں منٹ میں انھوں نے میچ کا پہلا گول سکور کیا تھا۔ اتفاق سے اس گول میں بھی وِٹِنہا شامل تھے۔ وٹنہا کا شاٹ جیکب کیویئر کے بازو سے لگا اور رونالڈو نے گول کیپر مارسن بلکا کو کاٹتے ہوئے گیند کو سیدھا گول کے اندر پہنچا دیا۔

انھوں نے اس سے قبل سعودی عرب کی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے بھی اپنی فارم کا مظاہرہ کیا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس سیزن میں اپنے شاندار فارم میں ہیں۔ انھوں نے اب تک کلب اور ملک کے لیے 15 گول کیے ہیں اور اس طرح وہ رواں سیزن میں گول کرنے کے معاملے میں سر فہرست ہیں۔ انھوں نے جاری یو ای اف اے نیشنز لیگ میں اب تک پانچ میچوں میں پانچ گول کیے ہیں۔اس جیت کے بعد ان کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں جگہ مل گئی ہے۔

رونالڈو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے گالا کے دوران جب رونالڈو کو قومی ٹیم کے ساتھ 200 میچ کھیلنے کے لیے کوئنا ڈی پلاٹینو سے نوازا گیا اس دوران رونالڈو نے اپنے کریئر کے اہداف کے بارے میں اپنا نقطہ نظر شیئر کیا اور پرتگالی سٹار کے مداح ان کے 1,000 گول کے سنگ میل کے تعاقب پر بہت پرجوش ہیں کیونکہ وہ اب تک 910 گول تک پہنچ چکے ہیں جبکہ میسی ان کے پیچھے 850 سے زیادہ گول کر چکے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img