سری نگر/وزیربرائے تعلیم ، سماجی بہبود اور صحت و طبی تعلیم سکینہ مسعود نے آج مسلم پبلک ہائی سکول راجباغ کا دورہ کیا جس میں آگ لگنے سے سکولی عمارت کو شدید نقصان پہنچاتھا۔وزیرموصوفہ کے ہمراہ ممبر قانون سازاسمبلی لال چوک شیخ احسان پردیسی،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، پرنسپل مسلم پبلک ہائی سکول اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، پولیس اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے اَفسران بھی تھے۔اُنہوں نے اَپنے دورے کے دوران متاثرہ علاقے کا معائینہ کیا، نقصانات کا جائزہ لیا اور سکول اِنتظامیہ اور مقامی اَفسران سے فوری ضروریات اور بحالی کے منصوبوں کے بارے میں بات کی۔اُنہوں نے سکول کی تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرنے اور اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیا کہ طلبا¿ جلد از جلد اَپنی تعلیم دوبارہ شروع کرسکیں۔سکینہ مسعود اِیتو نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی فوری کارروائی کی بھی سراہنا کی جن کی کوششوں سے آگ پر قابو پانے اور مزید نقصانات کو روکنے میں مدد ملی۔ اُنہوں نے سکول اِنتظامیہ کو تعلیمی سہولیات کی بحالی اور مستقبل میں اس طرح کے پیش آنے والے واقعات کی روکتھام کے لئے حفاظتی خدشات کو دور کرنے میں محکمہ کی مدد کا یقین دِلایا۔