سری نگر: جموں وکشمیر اسمبلی کے سپیکر عبدالرحیم راتھر کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں منظور کئے گئے خصوصی درجے کی قرار داد کو متعلقہ حکام کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران اسمبلی کے سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کہاکہ حالیہ سیشن کے دوران خصوصی درجے کی بحالی کو لے کر پاس کی گئی قرارداد متعلقہ حکام کو روانہ کی گئی ہے۔
نئی حکومت کے معروض وجود میں آنے کے بعد ملی ٹینسی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں عبدالرحیم راتھر نے کہاکہ امن و قانون اور سیکورٹی کا معاملہ مرکزی وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔
بتادیں کہ حالیہ اسمبلی سیشن کے دوران نیشنل کانفرنس نے خصوصی درجے کی بحالی کو لے کر اسمبلی میں قرارداد لائی اور شورشرابہ کے بیچ اس قرارداد کو منظور کیا گیا۔
بی جے پی نے اس کے خلاف ایوان کے اندر اور باہر سخت احتجاج کیا جس دوران سپیکر کی ہدایت پر کئی ممبران کو ایوان بدر کیا گیا۔