جمعہ, دسمبر ۶, ۲۰۲۴
1.6 C
Srinagar

اسرائیل ہمارے ارادے کو نہ آزمائے، ایران کا واضح پیغام

اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنا پیغام پہلے بھی کئی بار دہرا چکا ہے اور دوسرے فریق سے مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ ایران کے ارادے کو نہ آزمائے اور اس کی صلاحیتوں کو کم نہ سمجھے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ارناکی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یہ بات پاکستانی دار الحکومت اسلام آباد پہنچنے کے بعد ایک بیان میں کہی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران ماضی میں امتحانوں میں کامیاب رہا ہے اور اگر کسی نے اس کو آزمایا تو وہ نتائج بھگت لے گا۔انھوں نے واضح کیا کہ ایران کی صلاحتیں درآمد شدہ نہیں ہیں جو چند میزائلوں سے ختم ہوجائیں۔
ایرانی وزیر خارجہ آج پاکستانی ہم منصب محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ اسی طرح ان دونوں شخصیات کی قیادت میں ایران اور پاکستان کے وفدوں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 26 اکتوبر کو اسرائیل نے امریکہ کی حمایت سے ایران کے 3 صوبوں میں فضائی حملہ کیا تھا۔ اس دوران میزائلوں کی تیاری اور داغے جانے کے مقامات کے علاوہ فضائی دفاعی نظام (S-300) کو بھی ٹارگٹ کیا گیا تھا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اتوار کے روز کہا تھا کہ ان کا ملک اسرائیلی حملے کو بنا جواب دیے نہیں چھوڑ سکتا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران ابھی تک جوابی کارروائی کے طریقہ کار غور کر رہا ہے۔ پزشکیان کے مطابق ”غزہ اور لبنان میں فائر بندی کی صورت میں ہمارے جواب کی نوعیت اور شدت تبدیل ہو سکتی ہے”۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img