سری نگر:جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جاکر اتوار کو سنڈے مارکیٹ میں گرینیڈ دھماکے میں زخمی ہوئے افراد کی عیادت اور مزاج پرسی کی ہے۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے اسمبلی ممبر جسٹس (ر) حسنین مسعودی بھی تھے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی اور ڈاکٹر صاحبان سے زخمیوں کو بہم پہنچائے جارہے علاج معالجہ کی جانکاری بھی حاصل کی۔
انہوں نے ڈاکٹر صاحبان کو زخمیوں کو بہتر علاج و معالجہ فراہم کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کو سخت سزا دی جانی چاہئے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہسپتال منتظمین سے یہ بھی اپیل کی کہ دیگر مریضوں کو بھی تمام طبی سہولیات میسر رکھے جائیں ۔