سری نگر:جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کو میرواعظ منزل نگین حضرت بل جاکر وہاں میرواعظ کشمیر ڈاکٹر عمر محمد فاروق کیساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔
یا درہے کہ میرواعظ خاندان کے عالم الدین چشم و چراغ الحاج میرواعظ مولوی احمد محمد شاہ صاحب (فرزند ارجمند مفسرِ قرآن مہاجر ملت مولوی محمد یوسف شاہ)کا انتقال گذشتہ روز راولپنڈی میں ہوا تھا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعے پر کہا کہ میرواعظ خاندان کے بزرگ اور برگزیدہ عالم الدین ، مبلغ حضرات کی اسلامی خدمات، تبلیغ دین، اشاعت اسلام ناقابل فراموش ہیں جو یہ خاندان گذشتہ400سال سے انجام دیتا آرہاہے۔
انہوں نے کہاکہ تعلیم کیساتھ مروج تعلیم کیلئے کشمیر میں درسگاہیں، سکول اور عربی کالج کا قیام اور مسلمانانِ کشمیر کو دین اسلام کے نور سے آراستہ کرنے اہم رول ادا کرتے ہوئے خاندانِ میرواعظان نے ناقابل فراموش خدمات انجام دیئے ہیں۔
اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی گئی۔
یو این آئی