پیر, اپریل ۲۱, ۲۰۲۵
9.9 C
Srinagar

سکینہ مسعود اِیتو نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کپواڑہ کا اچانک دورہ کیا اور صحت سہولیات کا جائزہ لیا

ہسپتال کے وارڈوں اور دیگر یونٹوں کا معائینہ کیا اور مریضوں اور تیمارداروں کے ساتھ بات چیت کی

کپواڑہ/وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ مسعود اِیتو نے آج کپواڑہ کے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا اور ہسپتال میں صحت سہولیات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے معائینے کے دوران ہسپتال کا تفصیلی چکر لگایا اور جنرل وارڈوں، آئی سی یو، پیڈیاٹرکس (این آئی سی یو)، ڈائیلاسز سینٹر، سی ٹی سکین یونٹ، آپریشن تھیٹر، میٹرنٹی وارڈ اور ہسپتال کے دیگر یونٹوں میں سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے صفائی ستھرائی، آلات کی دستیابی اور مریضوں کی مجموعی نگہداشت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہر یونٹ کا بغور جائزہ لیا۔وزیر سکینہ مسعود اِیتونے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف سے بھی اِستفساری گفتگو کی۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ یہاں کے لوگوں کو بہترین اور معیاری صحت خدمات فراہم کریں۔ اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کی سہولیت کے لئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس چوبیس گھنٹے دستیاب رہیں۔اُنہوں نے ڈاکٹروں سے کہا کہ زیادہ لگن کے ساتھ کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام مریضوں بالخصوص دُور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو یہاں صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر موصوفہ نے ہسپتال اِنتظامیہ کو عملے کی کمی کو دور کرنے ، بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے اور ضروری سامان کی خریداری میں اَپنے تعاون کی یقین دہانی کی۔ اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کپواڑہ میں رہائش ، بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر اَپ گریڈ کیا جائے گا کیوںکہ یہ ہسپتال ضلع کے دور دراز علاقوں کو پورا کرتا ہے اوریہاں مریضوں کا بہت زیادہ رَش ہوتا ہے۔اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ایک جامع رپورٹ پیش کرے جس میں ہسپتال کی ضروریات اور ہسپتال کے کام کاج سے متعلق دیگرمسائل کا خاکہ پیش کیا جائے۔وزیر سکینہ مسعود اِیتو نے معائینے کے دوران مریضوں اور اُن کے تیمارداروں سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔ اُنہوں نے ان کے تجربات اور مسائل کو سنا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے بارے میں جائزہ لیا۔ اُنہوںنے کہا کہ ہماری حکومت عوام کے لئے ہے اور ہم آپ کے مسائل کو فعال طور پر حل کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ ضروری عوامی بنیادی ڈھانچے اور دیگر خدمات میں بہتری لانے کے لئے آپ کی رائے ضروری ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img