ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے کفرول علاقے میں جمعرات کی صبح مزدوروں کی چھٹی اور بندش کے خلاف احتجاج میں ریڈی میڈ ملبوسات کے ملازمین کی پولس اور فوج کے اہلکاروں سے جھڑپ ہوئی۔
روزنامہ ڈیلی اسٹار کی خبر کے مطابق، مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور پولس اور فوج کی دو گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس میں کفرول تھانے کے افسر انچارج قاضی غلام مصطفی کی گاڑی بھی شامل ہے۔
تھانے کے انچارج افسر نے کہا، ’’جوابی کارروائی میں، پولس اور فوج کے اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کے لیے کارروائی کی۔
پولس حکام کے مطابق گارمنٹس فیکٹری کے ملازمین صبح ساڑھے آٹھ بجے ملازمین کی برطرفی اور فیکٹری کی بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ بعد میں میرپور 14 اور کاچو کھیت کے علاقوں میں مختلف فیکٹریوں کے مزدور بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق پر تشدد جھڑپ صبح 10 بجے تک جاری رہی۔ تاہم صورتحال اب بھی کشیدہ ہے۔
فائر فائٹرز کے دو یونٹس مظاہرین کے ذریعہ لگائی گئی گاڑیوں میں آگ کو بجھانے کے لیے جائے وقوعہ پر موجود تھیں۔
یو این آئی