اتوار, دسمبر ۸, ۲۰۲۴
4.1 C
Srinagar

منتخب عوامی حکومت سے جموں وکشمیرکے عوام اور لاکھوں ملازمین کو بھلائی اورانصاف کی اُمید

وزیراعلیٰ کابدعنوانی سے پاک جموں وکشمیر کا عزم قابل سراہنا

مستقل وعارضی ملازمین کے دیرینہ مطالبات پورے کئے جائیں : چیئرمینEJCC اعجاز احمدخان

سری نگر:سرکاری ملازمین کی انجمنوں کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹیEJCC کے چیئرمین اور سینئر ٹریڈیونین لیڈر وسماجی کارکن اعجاز احمدخان نے وزیراعلیٰ کے بدعنوانی سے پاک جموں وکشمیر کے عزم کاخیرمقدم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ساڑھے4لاکھ ملازمین حکومت کو کورپشن کے خاتمے اور ورک کلچر کو بہتر بنانے میں بھرپور تعاون فراہم کریں گے ۔ایک بیان میں EJCC کے چیئرمین اعجاز احمدخا ن نے کہاکہ ملازم انجمنوں کا اتحاد کورپشن سے پاک جموں وکشمیر بنانے میں وزیراعلیٰ کو مکمل تعاون فراہم کرے گا ۔انہوںنے کہاکہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کی جانب سے کورپشن سے پاک جموں وکشمیرکے عزم کااظہار یہ ثابت کرتا ہے کہ منتخب عوامی حکومت جموں وکشمیر میں ایک مثبت تبدیلی لانے کیساتھ ساتھ انتظامیہ میں شفافیت اور جوابدہی لانے میں بھی سنجیدہ ہے ۔اعجاز خان نے کہاکہ بلاشبہ انتظامیہ میں اہم عہدوں پرتعینات نوے فیصد افسران غیر جانبدار اور پیشہ ورہیں لیکن کچھ مٹھی بھر افسران اپنے منظور نظر ملازمین کیلئے قواعد اور ضوابط کو بالائے طاق رکھنے کیساتھ ساتھ دوسرے ملازمین کی حق تلفی کے مرتکب ہوجاتے ہیں ،اوراُن کی یہ روش سرکاری محکموںمیں ورک کلچر کو خراب کرنے کی ایک بنیادی وجہ ہے ۔انہوںنے وزیراعلیٰ سے ایسے افسران کی لگام کسنے کی اپیل کرتے ہوئے یاددہانی کرائی کہ جموں وکشمیرکے ملازمین نے مشکل ترین اوقات میں بھی فرض شناسی اور عوامی خدمات انجام دینے کا عملی ثبوت فراہم کیاہے ،جسکو ریاستی اورقومی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے ۔ EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخا ن نے کہاکہ ایک اہم مسئلے کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ ایک ہی سرکاری محکمے میں ملازمین کی کئی کئی تنظیمیں موجودہیں ،جو ورک کلچر کو بگاڑنے کاموجب بن جاتی ہیں،اسلئے ایک محکمہ ایک ملازم انجمن کا اصول اپنایاجاناچاہئے تاکہ ملازمین اور افسران کے درمیان ہر معاملے پر باہمی تال میل پروان چڑھ سکے ۔ سینئر ٹریڈیونین لیڈر وسماجی کارکن اعجاز احمدخان نے وزیراعلیٰ کو اسبات کی یقین دہانی کرائی کہ ملازمین جموں وکشمیر میں تیز ترترقی میں اپنارول جانفشانی کیساتھ نبھانے رہیں گے۔ٹریڈیونین لیڈر نے حکومت کی توجہ مستقل وعارضی ملازمین کے دیرینہ مطالبات کی جانب مبذول کراتے ہوئے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ ایس آراﺅ43کو اصل ہیت میں بحال کیاجائے ،پرانی پینشن اسکیم پھر لاگو کی جائے ،ملازمین کے جی پی فنڈ معاملات کو نپٹانے کے عمل میں تیز لائی جائے ،ریٹائر ڈ ملازمین کے معاملات کو بلاتاخیر نپٹانے کی پالیسی روبہ عمل لائی جائے ۔انہوںنے وزیراعلیٰ سے خاص طور پر یہ اپیل کی کہ مختلف سرکاری محکموںمیں برسہا برس اوردہائیوں سے معمولی اجرتوں پر خدمات انجام دینے والے ساٹھ ہزار سے زیادہ عارضی ملازمین بشمول ڈیلی ویجروں ،کیجول لیبروں ،فیئرپرائس شاپ ڈیلروں اور یومیہ اجرتوںپرکام کرنے والے دیگر تمام محنت کشوںکی ملازمتوںکو باقاعدہ بنایاجائے ۔اعجاز احمدخان نے وزیراعلیٰ کی توجہ حکام کی ایک عیاں وبیاں من مانی کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہاکہ محکمہ اینمل ہسبنڈری میں تعینات 250ڈیلی ویجروںکو ماہانہ صرف 3300روپے کی اُجرت دی جاتی ہے جبکہ باقی محکموںمیں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں کو ماہانہ کم سے کم 9ہزار روپے کی اُجرت دی جاتی ہے ۔انہوںنے وزیراعلیٰ سے اس مسئلے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ۔EJCC کے چیئرمین اعجاز احمدخا ن نے اس اُمیدکااظہارکیاکہ وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کی سربراہی والی عوامی حکومت جموں وکشمیرکے لوگوںکی راحت کاری کیساتھ ساتھ انتظامیہ کیلئے ریڈکی ہڈی سمجھے جانے والے لاکھوں ملازمین کے جائز مطالبات کو بھی جلد سے جلد پورا کریں گی

Popular Categories

spot_imgspot_img