لاش اور اسلحہ برآمد،تعداد3،آپریشن جاری، این ایس جی طلب:آرمی
جموں:جموں کے اکھنور سیکٹر میں ملی ٹینٹوں سے نبرد آزما ہونے کے دوران جدید ترین ٹینکوں کو استعمال میں لایا گیا جبکہ این ایس جی کمانڈوز کی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
بتادیں کہ تصادم کے دوران ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں کے اکھنور سیکٹر میں پیر کی صبح جدید اسلحہ سے لیس ملی ٹینٹوں نے فوج کی ایمبولنس گاڑی پر فائرنگ کی جس کے بعد علاقے میں انکاونٹر شروع ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ صبح چھ بجے کے قریب ملی ٹینٹوں نے فوجی گاڑی پر فائرنگ کی اور پیر کی شام دیر گئے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر جدید ترین ٹینکوں کا استعمال کیا گیا جبکہ نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کو بھی علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنگلی علاقے میں مزید دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر فوج نے ایک وسیع العریض علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے تمام راستے مسدود کر دئے ہیں۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔