خرطوم: وسطی سوڈان کے ایک گاؤں پر جمعہ کے روز پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) کے حملے میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک اور 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ غیر سرکاری تنظیموں نے یہ اطلاع دی۔
ریاست غیزیرہ کے دارالحکومت واد مدنی میں ایک رضاکار گروپ مزاحمتی کمیٹی نے کہا کہ "جمعہ کی صبح، آر ایس ایف کی ملیشیہ نے القملین کے علاقے میں السریحہ گاؤں پر شدید گولہ باری اور بمباری کی”۔
اس نے بتایا کہ "السریحہ گاؤں کے 53 سے زیادہ باشندے ہلاک اور 200 سے زیادہ زخمی ہوئے، جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔”
ایک غیر سرکاری گروپ غیزیرہ کانفرنس نے کہا کہ جمعہ کی صبح سے، آر ایس ایف فورس نے غیزیرہ ریاست کے شمال میں القملین کے علاقے میں السریحہ گاؤں پر دھاوا بول دیا، اور اپنے ہتھیاروں اور توپ خانے کو بلند و بالا عمارتوں کے اوپر کھڑا کر دیا۔ اور نہتے شہریوں پر فائرنگ شروع کر دی۔
سوڈان کی وزارت خارجہ نے جمعے کے روز ایک بیان میں ریاست غیزیرہ کے دیہاتوں اور قصبوں میں آر ایس ایف کی "انتقامی مہم” کی مذمت کی۔
وزارت نے کہا کہ آر ایس ایف قبائلی اور علاقائی علاقوں کارروائیاں کر رہی ہے، جو کہ نسل کشی کے مترادف ہے۔
یو این آئی