بلندشہر،: اتر پردیش کے بلند شہر ضلع کے سکندرآباد علاقے میں پیر کی رات آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے چھ لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ چار افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
گھر میں مریض کے لئے لگائے گئے آکسیجن گیس سلنڈر پھٹنے سے دو منزلہ مکان منہدم ہوگیا۔ زخمیوں کو پرائیویٹ اور سرکاری ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیم نے کافی کوشش کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو باہر نکالا۔ امدادی کام رات گئے تک جاری رہا۔ اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے انتظامی عہدیداروں کو فوری امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی، ایس ڈی ایم سی او اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہوگئیں۔یہ حادثہ آشاپوری کالونی، گلاوٹھی روڈ، سکندرآباد میں پیش آیا۔ضلع مجسٹریٹ چندر پرکاش پریہ درشی نے منگل کو کہا کہ ایک اور شخص کی موت کے ساتھ ہی اس واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر مرنے والوں کی تعداد 5 تھی جو منگل کی صبح بڑھ کر 6 ہو گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ گھر میں تقریباً 15 لوگ رہ رہے تھے۔ پیر کی رات گھر میں رکھا سلنڈر اچانک پھٹ گیا جس سے گھر کی چھت گر گئی اور اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ایمبولینس اور جے سی بی کو بلایا گیا۔ پولیس، انتظامیہ اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک 3 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ ڈی ایم چندر پرکاش پریادرشی کے مطابق مرنے والوں کی شناخت ریاض الدین عرف راجو (50)، اس کی بیوی رخسانہ (45)، سلمان (16)، تمنا (24)، حفضہ(3) اور اےمحمد (26) کے طور پر کی گئی ہے۔ سکندرآباد کے علاقہ میں پیر کی رات سلنڈر پھٹنے سے ایک مکان منہدم ہوگیا تھا، رات میں ہی ملبے تلے دب کر 5 افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی۔
یو این آئی