چنئی:شہور اداکار اور سپر اسٹار رجنی کانت کو جمعہ کو علی الصبح اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ انہیں پیر کی دیر رات اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا اور ان کی دل سے نکلنے والی اہم شہ رگ میں سوجن کا علاج کیا گیا۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے انہیں کچھ دن آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہیں 30 ستمبر کی رات سینے میں تکلیف کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
انہیں ایک غیر سرجیکل اینڈواسکولر طریقہ کار سے گزرنا پڑا۔ اس کے فوراً بعد، اسپتال نے ایک میڈیکل بلیٹن جاری کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کا علاج غیر سرجیکل، ٹرانسکیتھیٹر طریقہ سے کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ستیش سائی، سینئر انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ نے شہ رگ میں اسٹینٹ لگایا اور سوزش (اینڈواسکولر مرمت) کو مکمل طور پر بند کر دیا۔
ڈاکٹر آر کے وینکٹاسلم، ڈائرکٹر میڈیکل سروسز نے بلیٹن میں کہا کہ ہم ان کے خیر خواہوں اور مداحوں کو مطلع کرنا چاہیں گے کہ تمام طریقہ کار منصوبہ کے مطابق چلا۔
بتایا گیا کہ اداکار رجنی کانت کی حالت مستحکم اور بہتر ہے۔ علاج کے بعد انہیں چھٹی دے دی گئی ہے اور آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔





