سری نگر: سینئر کانگریس لیڈر اور لوک سھبا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے فوراً بعد جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ہم اس کے لئے پارلیمنٹ میں مرکزی سرکار پر دبائو ڈالیں گے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’جو سب سے ضروری بات ہے وہ یہ ہے کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہونا چاہئے ہم چاہتے تھے کہ ایسا الیکشن سے پہلے ہوجائے لیکن ایسا نہیں ہوا اب چنائو کے فوراً بعد جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہونا چاہئے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’اگر ایسا نہیں کیا گیا تو ہم پارلیمنٹ میں مرکزی سرکار پر دبائو ڈالیں گے اور اگر پھربھی ایسا نہیں ہوا تو ہم مرکز میں بر سر اقتدار آنے کے ساتھ ہی پہلا کام یہی کریں گے‘۔
راہل گاندھی نے کہا: ’ہم نے دیکھا ہے کہ بہت ساری یونین ٹریٹریوں کو ریاستی درجہ دیا گیا یا کئی ریا ستوں کو دو ریاستوں میں تقسیم کیا گیا لیکن ملک کی تاریخ میں پہلی بارایسا ہوا کہ ایک ریاست کو یونین ٹریٹری میں تبدیل کر دیا گیا‘۔
مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا: ’دلی میں جو سرکار ہے وہ صرف دو تین ارب پتیوں کی سرکار ہے یہاں اور ہماچل پردیش میں جو سیبوں کی صحیح ریٹ نہیں ہے اس کی وجہ اڈانی ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا: ’مودی سرکار ملک کے دس پندرہ ارب پتیوں کے لئے کام کرتی ہےاورجو چھوٹے کاروباری لوگ ہیں ان کے تجارت کو غلط جی ایس ٹی اور نوٹ بندی نے ختم کر دیا‘۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج ملک کے نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کا بھی یہی حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو یہاں چھوٹے بزنس چلا رہے ہیں ان کے لئے بینک کے دروازے بند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنا جی ایس ٹی ایک غریب شہری دیتا ہے اتنا ہی ایک ارب پتی بھی دیتا ہے لیکن قرضہ ارب پتیوں کا معاف کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو یہاں سمارٹ میٹر نصب کئے گئے ہم ان کو پہلے ختم کریں گے۔
راہل گاندھی نے کہا: ’بی جے پی جہاں جاتی ہے وہاں نفرت پھیلاتی ہے اور بھائی کو بھائی سے اور ایک مذہب کے لوگوں کو دوسرے مذہب کے لوگوں کے ساتھ لڑواتی ہے‘۔
انہوں نے کہا: ’لیکن میں نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا کرکے محبت کی دکانیں کھولیں اور ملک میں بھائی چارے اور آپسی اخوت کو پھیلایا‘۔
ان کا مزید کہنا تھا: ’میرا جموں وکشمیر کے ساتھ سیاست کا نہیں بلکہ خون اور محبت کا رشتہ ہے‘۔
یو این آئی