سری نگر:جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے پائین علاقوں میں قائم پولنگ مراکز پر بدھ کی صبح سے ہی پولنگ جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق سری نگر کے پائین شہر میں اس بار اچھی خاصی ووٹنگ ہو رہی ہے۔بدھ کی صبح سے ہی شہر خاص کے حساس علاقوں میں لوگوں نے گھروں سے باہر آکر اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
نوہٹہ سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نذیر یوسف نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ پہلی دفعہ اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو مصیبتوں اور پریشانیوں سے چھٹکارا دلانے کا واحد راستہ ووٹ ہے لہذا اس کا بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بدلاو کے حق میں ووٹ دیا ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ اب یہاں پر نئی حکومت اپنا کام کاج سنبھالے گی۔
مذکورہ نوجوان سے جب سوال کیا گیا کہ ماضی اور موجودہ حالات میں کیا فرق ہے تو انہوں نے کہا :’حالات تبدیل ہوئے ہیں اس میں کوئی شک نہیں لیکن ہم اس لئے اپنے ووٹ کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار مل سکے۔‘نذیر یوسف نے کہا :’جمہوریت کو مضبوط کرنے سے ہی لوگوں کے مسائل حل ہو سکتے ہیں لہذا لوگوں کو اپنے ووٹ کا ضرور استعمال کرنا چاہئے۔ ‘
