سری نگر: صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسمبلی انتخابات میں لوگ لوک سبھا انتخابات سے بھی زیادہ ووٹر ٹرن آئوٹ ہوگا۔
موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا:’جس طریقے سے لوگوں نے لوک سبھا انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا امید ہے کہ لوگ اسی طریقے، بلکہ اس سے بھی زیادہ، سے اسمبلی انتخابات میں لوگ حصہ لیں گے’۔
ان کا کہنا تھا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران کشمیر میں کئی ریکارڈ قائم ہوئے تھے۔
مسٹر بدھوری نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے لئے انتظامی سطح سے لے کر سیکورٹی سطح تک تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘اسمبلی انتخابات میں لوک سبھا انتخابات سے زیادہ سخت مقابلہ ہوگا لہذا ووٹر ٹرن آئوٹ کی بھی زیادہ توقع ہے’۔
انہوں نے رائے دہندگان سے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘ووٹر اپنے ووٹ کا ضرور استعمال کریں کیونکہ یہ ایک نعمت ہے نیز وہ ووٹر لسٹ میں ایک بار پھر اپنا نام دیکھیں تاکہ عین موقع پر کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیش نہ آسکے’۔
جموں و کشمیر میں تین مرحلوں پر محیط اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو جبکہ دوسرا اور تیسرا مرحلہ بالترتیب 18 ستمبر اور یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد اسمبلی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔
