ہم وقار کےساتھ امن کے خواہاں: محبوبہ مفتی
نیوزڈیسک
سری نگرپی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کو کہا کہ قبرستانوں میں بھی امن ہوتا ہے، لیکن حقیقی امن وہ ہے ،جہاں لوگ سر اٹھا کر رہ سکیں اور چل سکیں۔اس دورا ن سابق ممبراسمبلی راجوری چودھری قمر حسین اور لسجن سری نگر کے ایک سیاسی کارکن ظفرمیر پی ڈی پی میں شامل ہوئے جبکہ سابق پرنسپل اور ڈسٹرکٹ سیشن جج محمد اشرف ملک جمعرات کو پی ڈی پی میں باضابطہ شمولیت اختیار کریں گے،جو ممکنہ طور پر ڈورو حلقہ سے پارٹی کے انتخابی امیدوار ہوں گے۔ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے سری نگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قبرستان میں بھی سکون ہے مگرہم عزت کے ساتھ امن چاہتے ہیں ،جہاں لوگ رہتے ہیں، بات کرتے ہیں اور سر اونچا رکھ کر چلتے ہیں۔انہوں نے عوام کی آواز کو مضبوط کرنے اور پارٹی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اتحاد پر زور دیا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ حالات ایسے ہیں کہ ہم ایک دوسرے سے بات بھی نہیں کر سکتے۔ ایک خوف ہے، کوئی اسے نہیں دکھاتا، لیکن ہر کوئی اندر سے خوفزدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگ جو پی ڈی پی میں شامل ہوتے ہیں اور اسے مضبوط بناتے ہیں، اس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز مضبوط ہوتی ہے۔محبوبہ مفتی کاکہناتھاکہ مرحوم مفتی محمد سید نے جموں و کشمیر میں ترقی کے ایک نئے دوراورامن کا دور شروع کیا تھا۔اس دورا ن سابق ممبراسمبلی راجوری چودھری قمرحسین اور لسجن سری نگر کے ایک سیاسی کارکن ظفرمیر پی ڈی پی میں شامل ہوئے،اور پی ڈی پی صدر نے دونوں کا والہانہ استقبال کیا اور اُنھیں پھولوں کے ہار پہناکر خوش آمدید کیاگیا ۔اس دوران معلوم ہواکہ سابق پرنسپل اور ڈسٹرکٹ سیشن جج محمد اشرف ملک جمعرات کو پی ڈی پی میں باضابطہ شمولیت اختیار کریں گے،جو ممکنہ طور پر ڈورو حلقہ سے پارٹی کے انتخابی امیدوار ہوں گے۔