سری نگر: پی ڈی پی لیڈر اور پارٹی کے بڈگام حلقے کے امیدوار آغا سید منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے بڈگام کے لوگوں کی بے عزتی کی ہے اور اب وہ اس کا بدلہ ووٹ سے لیں گے۔انہوں نے کہا کہ بڈگام کے لوگ اب اس پارٹی کی کٹھ پتلی نہیں بنیں گے۔ موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز بڈگام میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘نیشنل کانفرنس نے لوگوں کو مائل کرنے کے بجائے ڈرایا کہ ہماری پارٹی کے ساتھ رہو گے تو آپ کے کام ہوں گے، جموں و کشمیر میں جب جب نیشنل کانفرنس کی سرکار رہی ہے تو بڈگام اس کا حصہ رہا ہے لیکن بڈگام کے لئے کبھی کچھ بھی نہیں کیا گیا’۔ ان کا کہنا تھا: ‘بڈگام کے لوگ اب اس جماعت کی اسٹپنی(کٹھ پتلی) نہیں بنیں گے’۔ رکن پارلیمان آغا روح اللہ کی طرف سے نیشنل کانفرنس کے لئے انتخابی مہم نہ چلانے کے بارے میں پوچھے جانے پر آغا منتظر نے کہا: ‘یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے کہ کون ان کے لئے مہم چلائے کون نہ چلائے’۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا: ‘لیکن جو بڈگام کے لوگوں کی بے عزتی کی گئی ہے وہ اس کا بدلہ ووٹ سے لیں گے’۔ ان کا کہنا تھا: ‘گذشتہ انتخابات میں جموں و کشمیر کے لوگوں نے نیشنل کانفرنس کو ایک فیصلہ کن منڈیٹ دیا لیکن آج کا الیکشن مختلف ہے، آج کے ووٹر نیشنل کانفرنس کو اپنے وعدے یاد دلائیں گے’۔





