کانپور،: اتر پردیش کے کانپور میں گووند پوری اسٹیشن کے قریب علی الصبح وارانسی سے احمد آباد جانے والی 19168 سابرمتی ایکسپریس کے کئی ڈبے پٹری سے اتر جانے کی وجہ سے جھانسی کانپور ریلوے کا راستہ متاثر ہوا۔
بااختیار ذرائع کے مطابق رات تقریباً ڈھائی بجے سابرمتی ایکسپریس کے تقریباً 20 ڈبے گووند پوری اور بھیم سین اسٹیشنوں کے درمیان ایک کے بعد ایک تیز آواز کے ساتھ اچانک پٹری سے اتر گئے۔ تاہم اس حادثے میں کوئی بھی ریلوے مسافر شدید زخمی نہیں ہوا۔ مسافروں کو دیر رات بس اور خصوصی ٹرین کے ذریعے کانپور سینٹرل لایا گیا جہاں سے انہیں ان کی منزل کی طرف روانہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ واضح نہیں ہے تاہم مسافروں کے مطابق ٹرین کا انجن کسی بھاری چیز سے ٹکرانے کے بعد پٹری سے اتر گیا۔ ریلوے اور پولیس حکام نے حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔
یواین آئی