قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (NCPUL) سری نگر کے شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (SKICC) میں ایک عظیم الشان قومی کتاب میلے کا انعقاد کرنے والا ہے۔ یہ میلہ 17 اگست سے 25 اگست 2024 تک منعقد ہوگی، جس میں کتاب کے شائقین اور ادب کے شائقین کودیگر زبانوں کے علاوہ خصوصاً اردو ادب اور مطبوعات کو دریافت کرنے کا ایک غیر معمولی موقع ملے گا۔کتاب میلے میں ملک بھر کے نامور پبلشنگ ہاؤسز کے تقریباً 100 اسٹالز ہوں گے، جو مختلف انواع اور موضوعات پر مشتمل کتابوں کے وسیع ذخیرے کی نمائش کریں گے۔ یہ میلہ ایک ادبی جشن کے طور پر منایا جائیگا، جس میں مختلف خطوں کے مصنفین، اسکالرز اور قارئین کو اردو ادب کے بھرپور ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا جائے گا۔یہ میلہ بغیر کسی داخلہ فیس کے عوام کے لیے کھلا ہے، جس سے یہ ہر کسی کے لیے قابل رسائی ہے۔اس میلے میں لوگ روزانہ صبح 11بجے سے شام 7بجے تک اسٹالزپر کتابوں کی نمائش کا مشاہدہ کرنے کے علاوہ مناسب قیمتوں پر خرید بھی کرسکتے ہیں۔ یہ کتاب میلہ خطے میں ایک اہم ثقافتی تقریب ہے، جو اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور عوام کو پبلشرز اور مصنفین کے ساتھ منسلک ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔