سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کی صبح یہاں ‘ترنگا ریلی’ کی قیادت کی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔یہ ریلی شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر سے شروع ہو کر بوٹینیکل گارڈن میں اختتام پذیر ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ہاتھوں میں ترنگے لے کر جمع ہوئے اور اس عظیم الشان ریلی میں شرکت کی۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے قبل ازیں اپنے خطاب میں کہا: ‘ہاتھوں میں ترنگے لے کر لوگوں کا ایک سیلاب اس تقریب میں شریک ہوا جو کشمیر میں ہونے والی تبدیلیوں کی واضح عکاسی کرتا ہے’انہوں نے کہا کہ ترنگا یاترا میں وسیع پیمانے پر شرکت، لوگوں کی نئی آزادی کو اجاگر کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ پانچ برسوں سے کشمیر نوجوانوں میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور وہ اب مثبت منزلوں پر اپنی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کینواس دستخطی مہم کے بعد بوٹینیکل گارڈن میں ایک ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک کی آزادی کی یاد میں حب الوطنی کے گیت گائے جائیں گے اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جائیں گے۔بتادیں کہ ‘ترنگا ریلی’ حکومت کی ‘ہر گھر ترنگا’ ہم کا ایک حصہ ہے تاکہ لوگوں کو اپنے گھروں پر جھنڈا لانے اور اس کو ملک کی آزادی کے موقع پر لہرانے کی ترغیب دی جائے۔
یو این آئی