اتوار, جون ۱, ۲۰۲۵
16 C
Srinagar

اسمبلی الیکشن:جموں وکشمیر انتظامیہ نے اسمبلی کمپلیکسز سجانے کی تیاریاں شروع کیں

سری نگر،: سال رواں کے ماہ ستمبر میں اسمبلی انتخابات کا بگل بجنے کے امکان کے پیش نظر جموں وکشمیر انتظامیہ نے دونوں سری نگر اور جموں شہروں میں قائم اسمبلی کمپلیکسوں کے تزئین و آرائش و دیگر ضروری کاموں کی انجام دہی کے لئے تیاریاں شروع کی ہیں۔

بتادیں کہ چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا راجیو کمار نے جموں وکشمیر کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا جموں و کشمیر میں اسمبلی الیکشن منعقد کرانے کے لئے پُر عزم ہے۔

ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ چیف سکریٹری اٹل ڈولو کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سری نگر اور جموں دونوں جگہوں پر قانون ساز اسمبلی کمپلیکسوں کے لئے ایک منصوبہ بنایا گیا تاکہ ان کو سیشنز کے انعقاد کے لئے تیار رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران چیف سکریٹری نے متعلقہ افسروں سے تاکید کی کہ وہ ان اسمبلی کمپلیکسوں کی مرمت اور تزیئن و آرائش کے لئے فوری اقدام کریں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سائونڈ سسٹم کی فعالیت، انٹر نیٹ کنیکٹیوٹی، فائر سیفٹی، لفٹوں کی فعالیت، عمارتوں کو فیس لفٹ کرنا اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو ہاتھ میں لے کر ان کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
موصوف چیف سکریٹری نے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، اور قائد حزب اختلاف کے چیمبرز کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ ان کی سرکاری گاڑیوں اور سرکاری رہائش گاہوں کے لئے بھی انتظامات کرنے کی تاکید کی۔


انہوں نے متعلقہ افسروں سے تاکید کہ وہ دونوں شہروں سری نگر میں بھی اور جموں میں بھی ایم ایل اے ہوسٹلوں کی ضروری مرمت کا کام کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ان میں اسمبلی الیکشن کے اختتام تک تمام سہولیات کو دستیاب رکھا جانا چاہئے۔قابل ذکر ہے کہ عدالت عظمیٰ نے 11 دسبمبر 2023 کو جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ عطا کرنے والے دفعہ 370 کی تنسیخ کو بر قرار رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جموں و کشمیر میں 30 ستمبر 2024 تک اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کی ہدایت دی تھی۔جموں و کشمیر میں آخری اسمبلی انتخابات سال 2014 میں منعقد ہوئے تھے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img