سری نگر:جموں و کشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام میں چوری کے ایک معاملے کو کچھ گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے ملزم کو گرفتار کیا ہے اور مال مسروقہ کو بھی بر آمد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن خانصاحب کو عبد المجید کمار ولد عبد الغنی کمار ساکن چک شیرہ خانصاحب کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ 6 اور 7 اگست کی درمیانی شب کچھ نامعلوم افراد چک شیرہ میں اس کے مکان میں گھس گئے اور کچھ مال اور نقدی رقم اڑا لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن خانصاحب میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران کئی مشکوک افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا جن میں سے فاروق احمد گنائی عرف دل جلے ولد غلام احمد گنائی ساکن کچ پورن نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے انکشاف پر اس کی تحویل سے تمام چوری شدہ مال بشمول نقدی رقم بر آمد کیا گیا اور اس کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
