ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
13 C
Srinagar

راجندر نگر کوچنگ سینٹر میں طلبہ کی موت کے معاملے کی لوک سبھا میں گونج

نئی دہلی:  اراکین پارلیمنٹ نے پیر کو لوک سبھا میں دہلی کے راجندر نگر میں واقع کوچنگ سینٹر حادثے کا معاملہ اٹھایا اور اس معاملے کی تفصیلی جانچ اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بانسوری سوراج نے وقفہ صفر شروع ہوتے ہی کوچنگ سینٹر میں ایک حادثے میں دو طالبات اور ایک لڑکے کی موت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ دہلی کے راجندر نگر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس میں تین بچے جان کی بازی ہار گئے۔ یہ بچے اپنا مستقبل روشن کرنے آئے تھے لیکن دہلی حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے ان کی جان چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں ایک دہائی سے عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے لیکن حکومت دہلی کے لوگوں کے لیے کوئی کام نہیں کر رہی ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن ( ایم سی ڈی ) میں بھی پچھلے دو برسوں سے عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے۔ انہوں نے حکومت سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

کانگریس کے رکن ششی تھرور نے کہا کہ جس طرح کا واقعہ ہوا ہے وہ بہت سنگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ضابطے کی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے۔ اس معاملے کی انکوائری ہونی چاہیے تاکہ آئندہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔ آزاد رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو نے کہا کہ مستقل کوچنگ کے معیارات اور حفاظتی انتظامات کی کمی سنگین معاملہ ہے۔

سماج وادی پارٹی کے رکن اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہئے کہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک عمارت کا معاملہ نہیں ہے۔ ہم اتر پردیش سے دیکھ رہے ہیں کہ جب وہاں غیر قانونی عمارتیں بنتی ہیں تو بلڈوزر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کیا حکومت یہاں بھی بلڈوزر استعمال کرے گی؟

کانگریس کے ہیبی ایڈن نے کہا کہ راجندر نگر کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ اس معاملے کے لئے جو بھی ذمہ دار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے تاکہ ایسا واقعہ آئندہ دوبارہ نہ ہو۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img