بنگلورو: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کرناٹک کے سابق وزیر اور کانگریس لیڈر بی ناگیندر کو والمیکی کارپوریشن گھپلے کےمعاملے میں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ہے۔
ای ڈی نے مسٹر ناگیندر کے احاطے سمیت کئی مقامات پر دو دن کی وسیع تلاشی کے بعد یہ کارروائی کی ہے۔مسٹر ناگیندر نے ای ڈی آفس جاتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا "مجھے میرے گھر سے لے جایا جا رہا ہے… مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہو رہا ہے،” ۔ یہ پیش رفت مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کی تحقیقات کے بعد سامنے آئی ہے۔ یہ اس وقت ہوا جب سابق وزیر کے پرسنل اسسٹنٹ ہریش اور ان کے پرسنل سکریٹری دیویندرپا سے جمعرات کو مسٹر ناگیندر کی موجودگی میں 18 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی گئی۔ ای ڈی افسر مسٹر ناگیندر کو دیر رات پوچھ گچھ کے لیے لے گئے۔
یہ معاملہ 21 مئی کو کارپوریشن کے اکاؤنٹس سپرنٹنڈنٹ پی چندرشیکھرن کی موت کے بعد سامنے آیا تھا۔ ایک مبینہ خودکشی نوٹ میں، مسٹر چندر شیکھرن نے کئی عہدیداروں پر کارپوریشن کے کھاتوں سے مختلف دیگر بینک کھاتوں میں غیر قانونی رقم کی منتقلی کا الزام لگایا ہے۔ان الزامات کے پیش نظر دو عہدیداروں کو معطل کردیا گیا تھا اور درج فہرست قبائل کی بہبود کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ناگیندر نے 6 جون کو اپنے وزارتی عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
کرناٹک میں کانگریس حکومت نے اس کیس کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی، جس کے نتیجے میں اب تک اس کیس سے جڑے 11 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
یواین آئی