جموں: جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینا نے منگل کے روز کہاکہ کچھ لوگ جموں وکشمیر میں امن نہیں چاہتے اوروہ دہشت گردی کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کٹھوعہ میں فوجی جوانوں کی ہلاکت میں ملوث دہشت گرد وں کو سخت سزا ملے گی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حالات پچھلے تین برسوں کے دوران معمول پر آئے ہیں لیکن کچھ لوگوں کو یہاں کا امن راس نہیں آرہا۔انہوں نے کہاکہ ایسے لوگ جموں وکشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی خاطر سازشیں رچا رہے ہیں۔
رویندر رینہ نے کہاکہ کٹھوعہ کے اندر دہشت گرد حملے میں ہمارے جانبازوں نے ملک اور عوام کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کٹھوعہ دہشت گردانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو سخت سزا ملے گی۔بی جے پی صدر نے کہا :’جس طرح سیکورٹی ایجنسیوں نے کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کا صفایا کیا اسی طرح جموں صوبے میں بھی دہشت گردوں کو چن چن کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ‘
انہوں نے مزید بتایا کہ کٹھوعہ ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں دہشت گردوں کے سبھی منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا۔رویندر رینا کے مطابق دہشت گرد گھنے جنگلات کا سہارا لے کر سیکورٹی فورسز پر حملہ کر رہے ہیں اور اس کی اب انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔