جموں: جموں وکشمیر پولیس نے ضلع ڈوڈہ میں ہونے والی ملی ٹنٹ سرگرمیوں میں ملوث چار ملی ٹنٹوں کے خاکے جاری کئے ہیں اور ان کے متعلق جانکاری فراہم کرنے والے کو 20 لاکھ روپیے انعام دینے کا اعلان کیا ہے ڈوڈہ پولیس نے ‘ایکس’ پر خاکے جاری کرکے کہا ہے: ‘ڈوڈہ پولیس چار دہشت گردوں کے خاکے جاری کرتی ہے جو بھدرواہ، ٹھاٹھری اور گنڈوہ کے بالائی علاقوں میں گھوم رہے ہیں اور دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ہر دہشت گرد کے متعلق اطلاع فراہم کرنے والے کو 5 لاکھ روپیے انعام دے گی۔
ڈوڈہ پولیس نے ‘ایکس’ پر مختلف افسروں کے فون نمبرات بھی شیئر کئے ہیں اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک نقل وحمل کے متعلق ان نمبرات کے ساتھ رابطہ کریں۔
ادھر ڈوڈہ میں ہونے والے حملوں میں ملوث ملی ٹنٹوں کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔