سری نگر: محکمہ موسمیات نے کسانوں سے 9 جون سے اپنے آپریشنز شروع کرنے کی صلاح دیتے ہوئے جموں وکشمیر میں 10 جون سے گرمی کی لہر دوبارہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 8 جون کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بعد دوپہر کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 9 سے 15 جون تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 9 جون سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں دوا پاشی، کھاد لگانے وغیرہ جیسے کام شروع کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 10 جون سے گرمی کی لہر دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا وادی میں پہلگام کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت12.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔