ہفتہ, ستمبر ۲۱, ۲۰۲۴
19 C
Srinagar

نیشنل کانفرنس کے لیڈران اور کارکن آج سے ہی اسمبلی چناو کے لئے تیاریاں شروع کریں : ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر:جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سینئر عہدیداروں ، کارکنوں اور کیڈر کو ہدایت دی کہ وہ آج سے ہی اسمبلی انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کریں۔
انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے حق میں ووٹ ڈالنے والوں کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے آج پارٹی ہیڈ کواٹر پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
نیشنل کانفرنس پارٹی ہیڈکوارٹر پر آج ایک پُروقار استقبالی تقریب پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں لوک سبھا انتخابات میں شاندار کارکردگی پر پارٹی کیڈر اور نومنتخب ممبرانِ پارلیمان کو مبارکباد پیش کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس اور پارٹی کے حمایت یافتہ اُمیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے والوں کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کرنے کے علاوہ پارٹی کیڈر اور نومنتخب ممبران کو بھی مبارکباد پیش کی۔
تین پارلیمانی نشستوں میں 34اسمبلی حلقوں سے کامیابی حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہاکہ ”آپ کی انتھک محنت، عزم اور استقامت نے اس فتح کو ممکن بنایا ہے، ہم نے ایک ساتھ مل کر دکھایا ہے کہ نیشنل کانفرنس ایک ایسی طاقت ہے، جس پر اعتماد اور بھروسہ کیا جاسکتا ہے اور جو ہمیشہ یہاں کے عوام اور عوامی مفادات کیلئے مضبوطی سے کھڑی رہتی ہے۔ “
انہوں نے کہا کہ سخت ترین مشکلات ، چیلنجوں اور سازشوں کے باوجود نیشنل کانفرنس نے لوک سبھا انتخابات میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ جماعت یہاں کے عوام کے دلوں میں بستی ہے۔
لوک سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے تئیں عوام کا بھر پور تعاون اور اشتراک باعث اطمینان ہے اور ہمیں ہر حال میں لوگوں کی اُمیدواروں پر کھرا اُترنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشکلات اور سازشوں کا سلسلہ تھمنے والا نہیںہے، ہمیں ساتھ مل کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے اور اُن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا ہے جو جموں وکشمیر کے عوام کی حقیقی آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ماضی میں بھی سخت چیلنجوں اور سازشوں کا سامنا کیا ہے اور ہمیشہ سرخ رو ہوکر اُبھری ہے اور اس بار بھی لوگوں نے اپنی اس آبائی جماعت کو بھر پور تعاون اور اشتراک فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو بہت جگہوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور سب سے بڑھ کر عوام کیساتھ ہر حال میں قریبی رابطہ رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہے اور سرداری عوامی کا حق ہے، نیشنل کانفرنس اسی اصول پر قائم و دائم ہے۔ نیشنل کانفرنس مستقبل میں بھی عوام کی بے لوث خدمت کرتی رہے گی کیونکہ عوام ہی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اور طاقت ہے۔
نیشنل کانفرنس صدر نے پارٹی لیڈران ، کارکنوں اور کیڈر کو ہدایت کی کہ وہ آج سے ہی آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے تیاری شروع کریں ۔
انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ نیشنل کانفرنس ایک خوشحال، فارغ البال اور ترقی یافتہ جموں وکشمیر کے مشن کو اور زیادہ جوش اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھانے کی کوششوں میں لگے رہیں گے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img