سری نگر: محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں 10 جون سے گرمی کی لہر ایک بار پھر شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
متعلقہ محکمے ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 7 جون تک موسم جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 جون کو بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 9 سے 51 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 10 جون سے ہیٹ اور گرم موسم ایک بار شروع ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج ہونے کی توقع ہے۔
دریں اثنا سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کپوارہ میں 5.9 ملی میٹر، کوکرناگ میں 14.4 ملی میٹر، جموں میں 9.2 ملی میٹر، بانہال میں 17.2 ملی میٹر، کٹرہ میں 12.7 ملی میٹر اور بھدر واہ میں 17.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 15.0 ملی میٹر اور پہلگام میں 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں کہیں اضافہ تو کہیں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت12.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔