پلوامہ، 19 اکتوبر: حکام نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گاؤں پاریگام میں پیر کی صبح نامعلوم حملہ آوروں نے مبینہ طور پر ایک 70 سالہ خاتون کو ان کے گھر کے اندر قتل کر دیا۔
ایک سرکاری اہلکار نے خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً 5:00 بجے پیش آیا جب خاتون کا بیٹا فجر کی نماز ادا کرنے قریبی مسجد گیا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر گھر میں داخل ہو کر خاتون کا گلا کاٹ دیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ انہیں خون میں لت پت پایا گیا۔
اہلکار نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 70 سالہ جانہ بیگم زوجہ مرحوم غلام احمد بٹ کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ قتل کے پیچھے کا مقصد تاحال واضح نہیں ہو سکا ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر حملہ آوروں کی شناخت اور قتل کے اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
کے این او





