انجینئر رشید کی شاندار جیت پر انہیں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں :رویندر رینا

انجینئر رشید کی شاندار جیت پر انہیں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں :رویندر رینا
جموں:بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے ایک دفعہ پھر بی جے پی کو سپورٹ فراہم کیا جس کے لئے ہم ان کے بے حد مشکور ہیں۔انہوں نے محبوس لیڈر انجینئر رشید کی جیت پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔
جموں میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران رویندر رینا نے کہاکہ پچھلے دس سالوں سے مودی جی نے تعمیر و ترقی کے کام کئے ، امن و شانتی اور بھائی چارے کو مضبوط کیا، سب کا ساتھ ، سب کا وس اور سب کا وشواس اس مشن کے ساتھ مودی جی نے کام کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جموں وکشمیر میں زبردست ووٹنگ ہوئی اور ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں کل ملا کر 58فیصد ووٹنگ ہوئی، وادی کشمیر میں بھی لوگوں نے جمہوری نظام میں حصہ لیا جس کے لئے ہم کشمیر کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
رویندر رینا نے کہاکہ پر امن اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانے کی خاطر الیکشن کمیشن آف انڈیا اور سیکورٹی ایجنسیوں نے دن رات کام کیا ۔
انہوں نے کہاکہ ایک زمانہ تھا جب کشمیر میں گاڑیوں کی جگہ جگہ تلاشی لی جاتی اور مسافروں کو نیچے اتا ر کر ان کی شناختی پریڈکرائی جاتی لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے بہت مشکل دور دیکھا ہے لیکن مودی جی کی قیادت میں حکومت نے یہاں پر امن و امان کی فضا قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
بی جے پی صدر نے کہا :’ایک زمانہ تھا جب وادی کشمیر میں ہڑتالوں کے کلینڈر نکلتے تھے، بارہ مہینوں میں سے دس مہینے بند کی کال دی جاتی ، اسکول اور کالج اکثر مقفل ہوا کرتے تھے لیکن موجودہ دور میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے۔ ‘
انہوں نے کہاکہ ایک زمانہ تھا جب کشمیر میں پتھر بازی ، بم بندوق،پستول اور گرینیڈوں کا شو ر ہوتا تھا لیکن آج یہاں امن و امان ، شانتی اور بھائی چارہ ہے۔
رویندر رینا نے محبوس لیڈر انجینئر رشید کی جیت پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.