سری نگر:اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی)نے ایس ایچ او پانتھ چوک کے گھر پر چھاپہ ماری کے دوران پانچ لاکھ 36ہزار روپیہ کی رقم برآمد کی ہے۔
بتادیں کہ جمعے کے روز اے سی بی نے ایس ایچ او پانتھ چوک اور اس کے ساتھی کو پولیس اسٹیشن کے اندر سائل سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے ہفتے کے روز بتایا کہ سائل نے اینٹی کرپشن بیورو میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ ایس ایچ او پانتھ چوک سری نگر انسپکٹر اعظم خان درمیانہ دار مشتاق احمد کے ذریعے حادثے کی رپورٹ کے حصول کی خاطر آٹھ لاکھ روپیہ رشوت کا تقاضہ کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شکایت کنندہ کی جانب سے ایس ایچ او پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرنے کے بعد اے سی بی نے تحقیقات شروع کی جس دوران شکایت گزار کے دعوئے درست پائے گئے چنانچہ اے سی بی نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 13/24زیر دفعات 7اور 12پی سی ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
اے سی بی بیان کے مطابق 25مارچ 2024کو کھنموہ میں پتھر کی کان میں حادثہ پیش آیا جہاں سمیر احمد نجار ایکسکیویٹر کے ذریعے معدنیات کی کھدائی میں مصروف تھا کہ ہائیڈرولک ایکسکویٹر پر بھاری پتھر گر آیا جس کے نتیجے میں محمد مشتاق نامی مزدور جاں بحق ہواتھااور بعد ازاں پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران ایس ایچ او نے ایکسکویٹر آپریٹر اور اس کے ساتھی کے خلاف الگ سے ایف آئی آر زیر نمبر 26/24کے تحت کیس درج کرکے ایکسکویٹر کو ضبط کیا۔ایکسکیویٹر مالک نے انشورنش رقم حاصل کرنے کی خاطر کمپنی کے ساتھ رابط قائم کیا اور انشورنس کمپنی نے یہ کام آلک کنسلٹنسی کمپنی کو سونپا۔
کمپنی نے ایکسکویٹر کے مالک کو پولیس رپورٹ جمع کرنے کے بارے آگاہی فراہم کی چنانچہ مالک نے ہائیڈرولک ایکسکویٹر کو ریلیز کرنے کی خاطر ایس ایچ او پانتھ چوک اور معزز عدالت سے رجوع کیا۔
عدالت مجاز نے یکم اپریل اور 22مئی کو ایس ایچ او سے اس ضمن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تاہم پولیس ا?فیسر دونوں مرتبہ رپورٹ پیش کرنے میں ناکام ثابت ہوا۔اے سی بی بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران پایا گیا کہ ایس ایچ او اعظم اقبال جان بوجھ کر معاملے میں تاخیر کررہے تھے اور بالآخر آٹھ لاکھ کی رشوت کی ادائیگی پر اپنے درمیانہ دار مشتاق عباسی کے ذریعے شکایت کنندہ کو مطلوبہ رپورٹس فراہم کرنے پر رضا مند ہو گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مجبوری میں درخواست گزار کو متعلقہ ایس ایچ او کو پانچ لاکھ پچاس ہزار روپیہ دینے پڑے لیکن پھر بھی اس کو رپورٹ فراہم نہیں کی گئی۔
اینٹی کرپشن بیورو نے ایک جال بچھایا جس دوران ایس ایچ او اعظم اقبال اور اس کے ساتھی مشتاق احمد کو درخواست گزارسے پولیس اسٹیشن کے اندر رشوت کی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں ایس ایچ او کے سرکاری کمرے سے سے 1.5لاکھ نقدی اور 50ہزار روپیہ کی چیک برآمد کرکے ضبط کی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ایچ او کے آفیشل کمرے کی تلاشی کے دوران 5.36لاکھ برآمد کئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔