کولگام انکاونٹر:انتہائی مطلوب لشکر کمانڈر اور اس کا ساتھی مارا گیا :آئی جی کشمیر

کولگام انکاونٹر:انتہائی مطلوب لشکر کمانڈر اور اس کا ساتھی مارا گیا :آئی جی کشمیر

سری نگر:انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی نے منگل کے روز کہاکہ کولگام تصادم میں لشکر طیبہ کا انتہائی مطلوب کمانڈر باسط ڈار اور اس کا ساتھی مارا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ لشکر کمانڈر کی ہلاکت سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔ان باتوں کا اظہار آئی جی پی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ پیر کی شام سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ کولگام کے ریڈونی پائین میں دہشت گرد چھپے بیٹھے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو فوری طورپر محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

ان کے مطابق جوںہی سلامتی عملے کے اہلکارمشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود دہشت گردوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں لشکر طیبہ کا انتہائی مطلوب کمانڈر باسط ڈار بھی شامل ہے اور اس کے سر پر دس لاکھ روپیہ کا انعام مقرر کیا گیاتھا۔

آئی جی پی کے مطابق باسط ڈار نے سال 2021میں ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کی تب سے وہ سیکورٹی فورسز کوانتہائی مطلو ب تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوک لشکر کمانڈر سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ملوث رہا ہے۔

آئی جی کشمیر کے مطابق غیر ریاستی مزدوروں ، اقلیتی کنبوں سے وابستہ افراد پر حملوں میں بھی مہلوک کمانڈرکا ہاتھ رہا ہے۔ان کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.