پونچھ حملہ: فوج نے دو جنگجوؤں کے خاکے جاری کئے، اطلاع دینے والے کے لئے 20 لاکھ روپیے کے انعام کا اعلان

پونچھ حملہ: فوج نے دو جنگجوؤں کے خاکے جاری کئے، اطلاع دینے والے کے لئے 20 لاکھ روپیے کے انعام کا اعلان

جموں: فوج نے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) پر حملے میں ملوث دو جنگجوئوں کے خاکے جاری کرکے ان کے متعلق جانکاری فراہم کرنے والے کے لئے 20 لاکھ روپیے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
بتادیں کہ پونچھ کے مینڈھر علاقے میں ہفتے کی شام آئی اے ا یف کی ایک کانوائے پر جنگجوئوں نے گھات لگا کر حملہ کیا تھا جس میں 5 اہلکار زخمی ہوئے تھے جن میں سے کارپورل وکی پہاڑے نامی ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا تھا۔
فوج نے اس حملے میں ملوث دو جنگجئوں کے خاکے جاری کئے ہیں۔
فوج کا کہنا ہے: ان دہشت گردوں کے بارے میں معتبر جانکاری فراہم کرنے والے کو 20 لاکھ روپیے بطور انعام دئے جائیں گے اور اطلاع دہندہ کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا’۔
دریں اثنا پونچھ میں حملہ آوروں کی تلاش پیر کو مسلسل تیسرے روز بھی وسیع پیمانے پر جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کی تلاش کے لئے فوج اور پولیس کی جانب سے شاہستار،گرسائی، سنائی اور شیندرا ٹاپ سمیت کئی علاقوں میں مشترکہ آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پونچھ کے جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری ہے اور پیر کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے گھنے جنگلی علاقوں میں حملہ آوروں کی وسیع پیمانے پر تلاش جاری رہی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 2 سے 3 جنگجوؤں پر مشتمل ایک گروپ ملوث ہے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق پونچھ کے کئی جنگلی علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پونچھ اور راجوری میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے تاکہ امکانی حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں قریب 20 افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسروں جن میں فوج کی 16 کور کے جی او سی اور اے ڈی جی پی جموں شامل ہیں، نے جائے واردات کا دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
دریں اثنا چیف آف ایئر سٹاف (سی اے ایس) ایئر چیف مارشل وی آر چودھری اور بھارتی فضائیہ کے تمام اہلکاروں نے بہادر کارپورل وکی پہاڑے کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے اور سوگوار خاندان کو گہری تعزیت پیش کی ہے۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ہم سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.