جموں میں بھی رنگوں کا تہوار ہولی جوش و خروش سے منایا گیا

جموں میں بھی رنگوں کا تہوار ہولی جوش و خروش سے منایا گیا

جموں: ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی پیر کے روز رنگوں کا تہوار ہولی انتہائی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا ذرائع نے بتایا کہ جموں میں لوگ جن میں مرد و زن شامل تھے، سڑکوں پر جمع ہوئے اور وہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کر رہے تھے اور ایک دوسرے پر رنگ لگا رہے تھے انہوں نے کہا کہاس موقع پر بازار سجے ہوئے تھے جہاں ہولی منانے کے لئے ضروری چیزوں کو دستیاب رکھا گیا تھا اور بچوں کے مختلف قسموں کے کھلونوں کی دکانیں بھی سجائی گئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تہوار کی مناسبت سے لوگوں خاص کر بچوں نے خوشنما لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ ایک دوسرے کو مبارک باد دے رہے تھے۔
ایک عقیدت مند نے میڈیا کو بتایا: ‘یہ خوشی کا تہوار ہے جس کو ہم جوش و جذبے سے منا رہے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘اس تہوار پر لوگ ایک دوسرے پر رنگ لگا تے ہیں لیکن اس دوران ہمیں یہ خیال رکھنا چاہئے کہ اگر کوئی بیمار ہے کسی کو دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس پر رنگ نہیں لگانا چاہئے’۔
ایک خاتون نے بتایا کہ سبھی تہوار اچھے ہیں لیکن اس تہوار کا سال بھر زیادہ ہی انتظار رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر لوگ آپس میں محبت اور پیار بانٹے ہیں اور ایک دوسرے کی بھلائی و خوشی کی دعا کرتے ہیں۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں بھی سیکورٹی فورسز نے اپنے اپنے کیمپوں میں ہولی کا تہوار انتہائی دھوم دھام سے منایا۔
ذرائع کے مطابق وادی میں سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے بھی ایک دوسرے پر رنگ لگا کر ہولی منائی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر کے علاوہ وادی کے دیگر علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے یہ تہوار دھوم دھام سے منایا۔
بتادیں کہ رنگوں کا تہوار ہولی ہندو کلینڈر کے مطابق ہر سال موسم سرما کے آخری پورے چاند کے موقع پر منایا جاتا ہے۔
یہ تہوار شمالی ہندوستان میں موسم بہار کی خوشیاں منانے کے لئے منایا جاتا ہے۔
ادھر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں نے ہولی کے پُر مسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.