پونچھ کی کرشن چندر پارک میں تیار کیا گیا ٹلپ گارڈن کھول دیا گیا

پونچھ کی کرشن چندر پارک میں تیار کیا گیا ٹلپ گارڈن کھول دیا گیا

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی کرشن چندر پارک میں تیار کئے گئے باغ گل لالہ کو منگل کے روز سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا۔
ضلع مجسٹریٹ پونچھ محمد یاسین چودھری نے باغ کا دورہ کرکے اس کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ کرشن چندر پارک میں دو سال قبل باغ گل لالہ کو محکمہ فلوری کلچر نے تیار کیا تھا اور اس کو عوام کے لئے کھول دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس سال متعلقہ محکمے نے اس میں مختلف قسموں کے نئے ٹلپ بلب لگائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع کی دیگر پارکوں کو بھی مزید خوبصورت بنانے اور ان کی دیکھ ریکھ کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو ایک چھا ماحول ملے۔
محکمہ فلوری کلچر کے ایک افسر نے بتایا کہ کرشن چندر پارک میں تیار کیا گیا یہ ٹلپ گارڈن جوبن پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ضلع کی دوسری پارکوں کو بھی مزید سجایا سنوارا جائے گا۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس پارک کو دیکھنے کے لئے آئیں۔
باغ میں موجود ایک طالب نے بتایا: ‘میں نے ٹلپ گارڈن فلموں میں دیکھا تھا لیکن آج اپنے علاقے میں اس باغ کی سیر سے محظوظ ہوا تو مجھے بہت کی خوشی ہوئی’۔
انہوں نے کہا: ‘اب یہاں کے لوگوں کو سری نگر جانے کی ضرورت نہیں ہے وہ اپنے علاقے میں ہی ایک خوبصورت ٹلپ گارڈن کی سیر سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں’۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس باغ میں مختلف قسموں کے 14 ہزار 5 سو بلب لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرچہ یہ سری نگر کے ٹلپ گارڈن کے مقابلے میں کافی چھوٹا ہے تاہم اس کی خوبصورتی بھی قابل دید ہے۔
بتادیں کہ سری نگر کے جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کو بھی 23 مارچ سے سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔
متعلقہ حکام کے مطابق سیاحوں کے لئے اس باغ میں امسال 73 اقسام کے1.7 ملین ٹولپ لگائے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.