نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

سپورٹس ڈیسک

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بطور میزبان نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔کیویز ٹیم پاکستان کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے 14 اپریل کو اسلام آباد پہنچے گی۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔سیریز کے ابتدائی تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد 25 اور 27 اپریل کو دو میچز کی میزبانی لاہور کا قذافی اسٹیڈیم کرے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوں گے۔سترہ ماہ کے عرصے میں کیویز ٹیم کا یہ تیسرا دورۂ پاکستان ہو گا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دسمبر 2022 اور پھر جنوری 2023 میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری کے لیے اہم ہے اور امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز مسابقتی ہو گی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کا آغاز رواں برس جون میں ہو گا اور ایونٹ کی میزبانی مشترکہ طور پر امریکہ اور ویسٹ انڈیز کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.